Sunday 25 March 2018

پاکستان کی آخری منزل - Pakistan's Ultimate Destination



پاکستان کی آخری منزل

اس وقت پاکستانی سیاست میں کوئی کردار بھی متاثر کن نہیں - سب ایک دوسرے کے خلاف محاظ کھول کر بیٹھے ہوئے ہیں - اس سارے سیاسی نظام لو لپیٹنا ہو گا اور اللہ کی حاکمیت قائم کرنے کیلئے شریعت کی بنیاد پر خلافت کا نظام قائم کرنا ہو گا اور وہی اس پوری دنیا کی منزل ہے قیامت سے پہلے - احادیث کا بغور مطالعہ کیجئے گا - موجودہ سیاسی نظام اصل میں اللہ کی حاکمیت کی نفی ہے اور اس میں عوام کی حاکمیت ہے - اکثریت جو قانون پاس کرتی ہے، اسی پر عمل ہوتا ہے نہ کہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکام کی پاسداری کی جاتی ہے۔ ظاہر ہے جب اکثریت اسلام سے خائف ہے تو قوانین بھی ویسے ہی بنیں گے - شدت پسندی سے بچنا اگرچہ ضروری ہے اور اسلام کو اس کی صحیح روح کے مطابق نافذ کرنا ہو گا - جو اکثریت اسلام سے خائف ہے وہ اسلام کو اس کی روح کے مطابق بھی نافذ نہیں کرنا چاہتے-

پاکستان طالبان اور داعش جیسے دہشت گرد خارجی گروہ خلافت کا نام لے کر اسے دنیا میں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عام مسلمان اس نظریے سے خائف ہو جائیں - اسلئے ہمیں اس سے بھی ہوشیار رہنا ہے - 

آخر میں یہ کہ پاکستان میں اسلام کا نفاز اللہ کے حکم سے ہی ہو گا - یہ آخری زمانہ ہے - جب وقت آن پہنچے گا تو اللہ تعالٰی اسلام کے نفاز کیلئے اپنے ان مخلص بندوں سے کام لے گا جو اقتدار کی ہوس نہیں رکھتے- اور وہ صرف اللہ کی مرضی ہے کہ وہ کیسے اور کن لوگوں کو چنتا ہے- 

بحیثیت عوام ہمارے لیئے یہ جاننا ضروری ہے کہ جمہوریت کا نظام اللہ کے احکام کے منفی ہے - الیکشن ووٹنگ کا نتیجہ ہے کہ انڈیا جیسے ملک میں بھی جس کی جمہوریت کی بہت تعریف کی جاتی ہے، وہاں دوہزار مسلمانوں کا قاتل سربراہ بنا ہوا ہے - دوسری طرف آرمی مارشل لاء بھی چند عرصے کیلئے کارآمد ہے وہ بھی صرف اس صورت میں کہ سربراہ اسلام پسند ہو اور منصفانہ طریقے سے حکومت کے امور نمٹائے - 

ہماری بقا خلافتِ راشدہ کا نظام اپنانے میں ہی ہے - ہمیں اسی کیلئے راہ ہموار کرنی ہے تاکہ ہم آخرت میں اللہ کے نزدیک سرخرو ہو سکیں - چاہے ہماری ساری زندگی گذر جائے اور ہمارے جیتے جی کوئی نتیجہ نہ نکلے - 

اسلام زندہ باد، پاکستان پائیندہ باد

تحریر : سید رومان اِحسان

No comments:

Post a Comment