آخری زمانہ کی تفصیلات
آخری زمانہ کے حوالے سے احادیث میں کافی کچھ ہے - دراصل مختلف علماء نے مختلف باتیں نکالی ہیں - کچھ کہتے ہیں کہ بڑی عالمی جنگ جسے احادیث میں الملحمتہ الکبرٰی کہتے ہیں، اس کے بعد امام مہدی کا ظہور ہو گا - کچھ نے کہا ہے کہ نہیں ، بڑی جنگ سے پہلے ان کا ظہور ہے - شیخ عمران حسین جنھوں نے کراچی سے دینی تعلیم حاصل کی اور باہر ہوتے ہیں ( انگلش میں ہی لیکچر دیتے ہیں اور آخر الزماں پر کتابیں بھی لکھی ہیں ) ان کے مطابق پہلے دجال خروج کرے گا ( دجال کے ظاہر ہونے کو خروج کرنا کہتے ہیں ) اور پھر اس کے بعد امام مہدی کا ظہور ہو گا -
بحرحال احادیث کے مطابق اور دوسرے زیادہ تر علماء کے مطابق پہلے امام مہدی کا ظہور ہوگا اور وہ سات سے نو سال کے عرصے تک دجالی قوتوں کے خلاف خونی جنگیں لڑیں گے - پھر ان کے دور کے آخر میں دجال خروج کرے گا - دجال دنیا میں چالیس دن کیلئے رہے گا جو ایمان والوں کیلئے سخت آزمائش کا وقت ہو گا - دجال کا پہلا دن ایک سال کے برابر ہو گا، دوسرا دن ایک مہینے کے برابر ہو گا ، تیسرا دن ایک ھفتے کے برابر ہو گا اور باقی سینتیس دن عام دنوں کے برابر ہوں گے - آخر میں حضرت عیسٰی علیہ السلام کا شام میں ایک مینار پر نزول ہو گا - اس وقت امام مہدی اور ان کے ساتھی ایک قلعے میں محصور ہوں گے اور دجال اپنے ساتھیوں کے ساتھ ان پر چڑھائی کیلئے تیار ہو گا - طویل سخت رات کے بعد فجر کے وقت عیسٰی علیہ السلام کا نزول ہو گا اور پھر وہ امام مہدی کی مدد کرتے ہوئے دجال اور اس کے ساتھ باقی سب یہودیوں کو نیست و نابود کردیں گے-
دجال کے قتل کے کچھ عرصے بعد امام مہدی طبعی طور پر وفات پاجائیں گے - پھر حضرت عیسٰی علیہ السلام قران و سنت کے مطابق چالیس سال پوری دنیا پر حکومت کریں گے جو دنیا کا سنہری دور ہو گا - وہ شادی بھی کریں گے اور ان کے بچے بھی ہوں گے - چالیس سال بعد وہ وفات پاجائیں گے اور ان کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پہلو میں دفن کیا جائے گا - ان کی وفات کے بعد دنیا پر شیطان کا پھر سے راج ہو جائے گا اور پھر قیامت دنیا کے بدترین لوگوں پر آئے گی -
اللہ ہم سب کو دین کو سمجھنے اور دین پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے - آمین
- سید رُومان اِحسان
No comments:
Post a Comment